بھٹکل ، 22 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ پنچایت کی عام میٹنگ ایڈمنسٹریٹر جی ستیش کی صدارت میں منعقعد ہوئی جس کے دوران محکمہ جاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ۔
اس موقع پر سی ای او ستیش نے بتایا کہ امیزان، فلپ کارٹ، زومیٹو، سواگّی اور دیگر کمپینوں کے لئے ڈیلیوری بوائز کا کام انجام دینے والوں کے لئے سرکاری معاوضہ پانے کی اسکیم موجود ہے ۔ اس کے تحت حادثاتی موت کی صورت میں 4 لاکھ روپے، علاج و معالجے کے لئے 1 لاکھ روپے، مستقل معذوری کے لئے 2 لاکھ روپے معاوضہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ اس کے لئے انہیں لیبر ڈپارٹمنٹ میں اپنا نام رجسٹر کروانا چاہیے ۔
میٹنگ کے دوران لیبر انسپکٹر گرو نائک نے بتایا کہ ڈیلیوری بوائز کے زمرے میں اب تک 30 افراد نے اپنا نام رجسٹر کروایا ہے ۔ بقیہ لوگوں کو جلد از جلد رجسٹریشن کروانا چاہیے ۔ مائناریٹی ویلفیئر آفیسر شمس الدین نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ کے لئے مائناریٹی اسکول منظور ہوا ہے اور تعلیمی سال 2024-25 سے اس کا آغاز ہوگا ۔ چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر (سی ڈی پی او) سوشیلا موگیر نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ میں اس وقت 12 آنگن واڈی اسکول تعمیر کرنے منظوری ملی ہے ۔ چار عمارتوں کا تعمیراتی کام جاری ہے ۔ بقیہ اسکولوں کی تعمیر کے لئے ٹینڈر طلب کرنے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کام شروع ہوگا ۔
ڈینگی اور دوسرے موسمی امراض پر قابو پانے ، ماحول کو پاک و صاف رکھنے، دیہی علاقوں میں کچرے کی درست طریقے سے نکاسی کے بارے میں بیداری لانے، شیرالی میں بس اسٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے پیش آ رہی دشواری، طلبہ کے لئے دوپہر کا کھانا، تعلیم و طلبہ کے مسائل ، زراعت، بجلی کی سربراہی، باغبانی، سوشیل ویلفیئر، پسماندہ طبقات سے متعلق مسائل جیسے امور پر گفتگو ہوئی ۔
میٹنگ میں مختلف گرام پنچایتوں کو حساب و کتاب سے متعلقہ تفصیلات پیش کی گئیں ۔ سال 2024-25 کا بجٹ پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکیٹیو آفیسر وی ڈی موگیر اسٹیج پر موجود تھے ۔ تعلقہ پنچایت منیجر لتا نائک نے استقبال کیا اور کریپّا نائک نے شکریہ ادا کیا ۔